واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت خیز دن گزرا ہے جب گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 350 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکا اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی تاحال دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 72ہزار 271افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 37 ہزار 633 ہو چکی ہے۔امریکا کے اسپتالوں میں 9لاکھ 64ہزار 734کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16ہزار 179کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2لاکھ 628کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔مزید 92امریکی فوجی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، جس کے بعد اس وائرس کے شکار امریکی فوجیوں کی تعداد 7ہزار 526ہو گئی جبکہ 27فوجی اب تک کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکی ریاست نیویارک کی صورتِ حال سب سے خراب ہے جہاں اب تک 25 ہزار 204 افراد کورونا وائرس کے باعث موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ یہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 139تک جا پہنچی ہے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 لاکھ 27 ہزار 893 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 58 ہزار 341 ہو گئی ہیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 22 لاکھ 27 ہزار 145 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 49 ہزار 248 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 12 لاکھ 42 ہزار 407 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔