واشنگٹن(این این آئی)امریکیوں کو کورونا وائرس کا علاج ملیریا کی دوا سے کرنے کا مشورہ دینے پر صحافی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پے در پے سوالات کیے تو ٹرمپ آگ بگولا ہو گئے اور اس پر بری رپورٹنگ کا الزام لگا دیا۔ٹرمپ نے صحافی سے کہا کہ تمہیں شرم آنی چاہیے، دیکھتے ہیں کہ یہ دوا کام کرتی ہے یا نہیں؟ امریکیوں کو امید دلانے کی بجائے سنسنی خیزی کی کوشش کی جا رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے موقع پر صدر ٹرمپ
سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ کورونا کے علاج کے لیے وہ دوا استعمال کریں جو ملیریا سے نمٹنے کے لیے کھائی جاتی ہے، حقیقت یہ ہے کہ اس بات کا ثبوت ہی نہیں کہ ملیریا کی دوا کورونا کے خلاف کارگر ثابت ہوتی ہے اور اس بات پر بھی تحقیق نہیں کی گئی کہ آیا کورونا کے بیماروں کے لیے وہ دوائی کھانا محفوظ ہے بھی یا نہیں؟سوال سنتے ہی صدر ٹرمپ طیش میں آگئے اور انہوں نے صحافی پر بری رپورٹنگ کا الزام لگا دیا۔