ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 24کیسز سامنے آ گئے جبکہ چین میں اس وائرس نے مزید 13 افراد کی جان لے لی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارتِ صحت نے بتایاکہ ان نئے 24 کیسز کے بعد سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 86 ہو گئی ہے کورونا وائرس کے خوف سے سعودی بازاروں میں کساد بازاری ختم ہو گئی
جبکہ تارکین اور سعودی شہری مختلف خدشات کے پیشِ نظر راشن ذخیرہ کرنے لگے۔سعودی میڈیا کے مطابق غذائی اشیا اور جراثیم کش ادویہ کی طلب میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے اور بڑے تجارتی مراکز میں صارفین کا زبردست رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ادھر چین میں کورونا وائرس سے مزید 13 افراد ہلاک ہو گئے، چینی حکام کے مطابق ان 13 ہلاکتوں کے بعد چین بھر میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 189ہو گئی۔چین کے حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین میں کورونا وائرس کے 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کے بعد کورونا کے مریضوں کی ملک میں تعداد 81 ہزار ہو گئی ہے۔