واشنگٹن (این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ صدر ٹرمپ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوا یا نہیں، وائٹ ہائوس کے ڈاکٹر سے معلومات لے کر جواب دوں گا، شاید انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ ابھی نہیں کرایا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس سے پہلے صدر ٹرمپ سے قریبی رابطے رکھنے والے دو ارکان کانگریس نے کورونا کے شبے کے بعد خود کو الگ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔خبرایجنسی کے مطابق ری پبلکن رکن ڈوگ کولنز نے ٹرمپ سے ہاتھ ملایا تھا جبکہ میٹ گیٹز نے ٹرمپ کے ساتھ ایئرفورس ون میں سفر کیا تھا۔دونوں اراکین کا کورونا سے متاثرہ افراد سے قریبی رابطہ رہا ہے تاہم دونوں اراکین میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی ہے جس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے اور ان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان اسٹیفنی گریشمین نے ایک بیان میں بتایا ڈونلڈ ٹرمپ مکمل طور پر صحتمند ہیں۔کرونا وائرس سے متاثر ہونے سے متعلق کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا،اور نہ ہی ان میں ایسی کوئی علامات پائی گئی ہیں۔