اندور(این این آئی)بھارت میں یوم جمہوریہ کی ایک تقریب میں جھنڈا لہرانے پر ریاست کی حکمراں جماعت کے رہنما آپس میں ہی جھگڑ پڑے اور ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ کمل ناتھ تھے تاہم تقریب ریاست کی حکمراں جماعت کانگریس کے مقامی رہنماؤں کے آپسی جھگڑے اور ہلڑ بازی کی نذر ہوگئی۔جھنڈا لہرانے کے وقت
کانگریس رہنما دیوندر سنگھ یادیو اور چندو کونجیر کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے تقریب کی اہمیت اور کیمروں کی موجودگی کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک دوسرے کو تھپڑ مارے اور مغلظات بکیں۔تقریب میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے گتھم گتھا رہنماؤں کو بہ مشکل ایک دوسرے سے علیحدہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان جھگڑے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی بعد ازاں وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے بھارتی جھنڈا لہرا کر تقریب کا آغاز کیا۔