واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین کے مسافر طیارے کو مارگرانے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو ہلاک نہ کیا جائے جبکہ ان کے وزیر دفاع مارک ایسپر نے ایران کو پیش کش کی ہے کہ اس کے ساتھ کسی پیشگی شرائط کے بغیر اب بھی مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران کے لیڈروں کو ایک ٹویٹ میں مخاطب ہوکر لکھا کہ اپنے مظاہرین کو قتل نہ کریں۔
تم نے پہلے ہی ہزاروں افراد کو قتل کردیا ہے یا جیلوں میں ڈال دیا ہے اور دنیا یہ سب کچھ دیکھ رہی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ امریکا یہ سب کچھ دیکھ رہا ہے۔اپنے ہاں انٹر نیٹ کو بحال کرو اور رپورٹروں کو آزادانہ گھومنے پھرنے کی آزادی دو! اپنے عظیم ایرانی عوام کے قتل کا سلسلہ بند کردو۔صدر ٹرمپ کی اس ٹویٹ کے بعد وزیر دفاع مارک ایسپر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اب بھی ایران کے لیڈروں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔