واشنگٹن(این این آئی )امریکی صدر ٹرمپ پر امریکا میں ہواوے کے ساتھ کام کرنے کے لائسنس کی تجدید روکنے کا دبائو بڑھ گیا ،امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چینی کمپنی ہواوے کے لائسنس میں 90 روز کی توسیع کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا ،امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی صدر پر سینیٹرز کی جانب سے لائسنس فوری منسوخ کرنے کا دبائو ہے۔چینی کمپنی کا لائسنس منسوخ کرنے سے متعلق 2 جماعتوں کے 15 سینیٹرز نے امریکی صدر کو خط لکھ کر دوبارہ پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ۔ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے خط میں امریکی سینیٹرز کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو لائسنس کی تجدید کا عمل روکنا چاہیے اور کانگریس میں
ایک رپورٹ کی جانی چاہیے جس میں یہ واضح کیا جائے کہ اس اجازت سے امریکا کی قومی سلامتی کو خطرہ تو نہیں۔اس خط پر امریکی سینیٹ ڈیموکریٹس کے لیڈر چک شومر اور ریپبلکن کے سینیٹر ٹام کاٹن کے دستخط بھی موجود ہیں۔سینیٹرز کے اس خط میں متنبہ کیا گیا ہے کہ لائنسنس کی تجدید کی وجہ سے ہواوے کو ایک مرتبہ پھر امریکی ٹیلی کمیونیکیشن انفرا اسٹرکچر اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے کی اجازت مل جائے گی۔ یاد رہے کہ رواں ہفتے ٹرمپ انتظامیہ نے ہواوے کے لائسنس میں توسیع کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو چینی ٹیلی کام کمپنی کے ساتھ مزید 90 روز تک کام کرنے کی اجازت دے دی تھی۔