ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق گذشتہ مہینے مملکت کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں ضروری فوجی آلات کے ساتھ اضافی امریکی فوج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔وزارت دفاع کے ذرائع کے حوالے سے سعودی خبر رساں ایجنسی نے مزید بتایا کہ اضافی امریکی فوج اور فوجی آلات کی تعیناتی اور ترسیل دراصل خطے کی سالمیت
برقرار رکھنے کے لئے الریاض اور واشنگٹن کے مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔سعودی وزارت دفاع کے سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دیرنیہ تعلقات اور قائم شراکت کی بنیاد پر خادم الحرمین الشریفین، مسلح افواج کے سپریم کمانڈر عزت مآب ولی عہد، نائب وزیر دفاع اور وزیر دفاع نے واشنگٹن سے اضافی فوج اورفوجی آلات مملکت کی ترسیل کو خوش آمدید کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ دفاعی اقدام خطے کی سالمیت، استحکام اور عالمی معیشت کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے مملکت اور امریکا کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل کے تناظر میں اٹھایا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ پینٹاگان نے جمعہ کو تین ہزار اضافی امریکی فوجیوں اور فوجی آلات کو سعودی عرب میں بھیجنے کی منظوری کی تصدیق کی تھی۔ سعودی آرامکو کی تنصیبات پر حملوں کے بعد ان امریکی فوجیوں کی آمد سے مملکت کے دفاع کو تقویت ملے گی۔پینٹاگان کے بیان کے مطابق وزیر دفاع مارک ایسپر نے سعودی عرب میں دو مزید پیٹریاٹ میزائل بیٹریز، ایک تھاڈ بیلسٹک میزائل دفاعی نظام کی تنصیب، دو لڑاکا اسکواڈرن اور فضائیہ کے ایک ونگ کو بھیجنے کی منظوری دی تھی۔