سرینگر(آن لائن) بھارتی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ پانچ اگست سے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورت حال اور کرفیو کے باعث لوگوں کی صحت کی حفاظت سے متعلق حقوق بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر لوگوں کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت بھر کے ڈاکٹروں پرمشتمل ایک ٹیم نے حکومت کو ایک خط لکھا ہے جس میں کشمیر میں عائد پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ پابندیوں کے باعث
لوگوں کو ادویات کی قلت کا سامنا ہے جبکہ وہ معمول کے چیک اپ کے لئے نہ تو سفر کر سکتے ہیں اور نہ ہی مریضوں کو ایمبولینس اور دیگر طبی سٹاف کی سہولت میسر ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بعض ڈاکٹرز کو اپنے گردے کے مریضوں کے حوالے سے تشویش ہے جو ڈائیلائسز کروارہے ہیں تاہم سرینگر سے باہر رہنے ولاے مریض اپنے ڈائیلائسسز کروانے ہسپتالوں تک نہیں پہنچ سکتے ۔ ڈاکٹروں کا کہنا کہ یہ لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ ہے اور حکومت کو اس کے سدباب کے لئے کوئی اقدام کرنا چاہئے ۔