واشنگٹن(آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیج عمان اور یمنی پانیوں میں امریکا کو تیل سپلائی کرنے پر خلیجی ممالک سے آنے والے آئل ٹینکرز اور فوجی تنصیبات کے تحفظ کے لیے فوجی اتحاد بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا ایران اور یمن کے اطراف
سمندر میں تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت کے لیے عالمی فوجی اتحاد قائم کرنا چاہتا ہے۔ اس حوالے سے امریکی افواج نے کئی دوست ممالک سے بات چیت بھی کی ہے اور رائے عامہ بحال کرنے کی کوششوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے امریکی جنرل جوزف ڈنفرڈ کا کہنا تھا کہ امریکا خلیجی خطے میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا چاہتا ہے جس کے لیے عالمی فوجی اتحاد کا قیام ناگزیر ہو گیا ہے جس کے لیے خدوخال مرتب کر لیے ہیں اور دوست ممالک سے مشاورت جاری ہے۔امریکی جنرل جوزف ڈنفرڈ نے مزید کہا کہ امریکا کمانڈ اینڈ کنٹرول کے عمل کے لیے بحری جہاز مہیا کرے گا جو امریکا کو تیل کی سپلائی پر مامور بحری جہازوں کے درمیان گشت کریں گے اور امریکی فوجی تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کو تیل سپلائی کرنے پر مامور سعودی بحری جہازوں پر حملوں کے بعد امریکا پہلے ہی خلیج عمان میں ایک طیارے بردار بحری بیڑا تعینات کرچکا ہے اس کے علاوہ جنگی طیاروں کی دو کھیپ بھی قطر میں اپنے فوجی کیمپ میں منتقل کرچکا ہے۔