نئی دہلی(این این آئی )بھارتی الیکشن کمیشن نے ریاست اتر پردیش کے ہندو قوم پسند وزیر اعلیٰ اور شعلہ بیان مقرر یوگی ادتیاناتھ کی طرف سے کسی بھی سیاسی اجتماع سے خطاب پر تین دن کی پابندی لگا دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس پابندی کا مقصد وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اس سیاستدان کو موجودہ انتخابات کے دوران بھارتی ووٹروں کو مذہبی تفریق کی
بنا پر تقسیم کرنے سے روکنا ہے۔ بھارتی الیکشن کمیشن کے ایک حکم کے مطابق یوگی ادتیاناتھ کو ان کی تقریروں کے حوالے سے تنبیہ بھی کر دی گئی ہے۔ اتر پردیش کے اس وزیر اعلیٰ نے گزشتہ ہفتے اپنی ایک تقریر میں سبز وائرس کی اصطلاح استعمال کی تھی۔ اس سے ان کی مراد وہ مسلمان ووٹر تھے، جن کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی بی جے پی کی مخالف اپوزیشن سیاسی جماعتیں کوششیں کر رہی ہیں۔