کرائسٹ چرچ، ریاض (آن لائن ) سعودی شہزادے ولید بن طلال نے نیوزی لینڈ سانحہ میں شہدا کے اہل خانہ کے لئے 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات الولید ادارہ برائے انسانی امداد نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہی۔ اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا کہ شہزادہ ولید بن طلال نے امدادی رقم کے اعلان کے ساتھ لواحقین سے اظہار تعزیت اور متوفین کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید اردن کے شہری کی والدہ بیٹے کی جدائی
کا غم برداشت نہ کرسکیں اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق 38 سالہ کامل درویش کی تدفین میں شرکت کے لیے ان کی 64 سالہ والدہ جمعہ کے دن نیوزی لینڈ پہنچی تھیں لیکن نماز جنازہ سے قبل ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔ اخبار کے مطابق اردن کے سفارتخانے نے فسلطینی نڑاد اردنی شہری کامل درویش کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ خاتون کی میت کو اردن منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔