کابل(این این آئی) افغان طالبان نے امریکی حکومت کے اس بیان سے اختلاف کیا ہے کہ دوحہ میں امریکی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے دوران افغان حکومت کے ساتھ بات چیت اور جنگ بندی کے امور زیر بحث آئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے جاری بیان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے اس دور میں دو امور
زیر غور رہے، جن میں مغربی افواج کا افغانستان سے انخلا اور ملک کو بین الاقوامی عسکریت پسندی کا گڑھ بننے سے روکنا شامل ہے۔انہوں نے ان دونوں مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہیں خارجی مسائل قرار دیا۔اپنے بیان میں طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ دیگر مسائل جو اندرونی نوعیت کے تھے یا امریکا سے منسلک نہیں تھے، ان کے بارے میں بات چیت نہیں ہوئی۔