بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک)لبنان میں سعودی عرب کے قائم مقام سفیر ولید بخاری نے ترکی میں سینیر صحافی جمال خاشقجی کی پراسرار گم شدگی کو غیرملکی انٹیلی جنس اداروں کی منظم چال اور سعودی عرب کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر پرپوسٹ ایک بیان میں ولید بخاری نے کہا کہ جمال خاشقجی کے ترکی میں لاپتا ہونے کو سوشل میڈیا کے فورمز پر غیرمعمولی پذیرائی دی گئی۔ یہ محض ایک ڈرامہ ہے جس کے پیچھے انٹیلی جنس اداروں کی چالیں اور سعودی عرب
کی شہرت کو داغ دار کرنے کی مکروہ کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاشقجی کے قتل کے بارے میں بیان دینے والے اخوان المسلمون کی فکر کے لوگ ہیں جو سعودی عرب کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے صحافی اور کالم نگار جمال خاشقجی گذشتہ منگل کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے غائب ہیں۔ ترک حکام نے دعویٰ کیا کہ انہیں قونصل خانے میں بلا کر قتل کردیا گیا ہے تاہم سعودی عرب نے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔