صنعاء(این این آئی)یمن میں حوثی باغیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ صالح الصماد عرب اتحادی افواج کے فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے۔حوثی ملیشیا نے ایک بیان میں اپنے لیڈر کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے،صالح الصماد کا نام عرب اتحاد کو مطلوب یمنی حوثیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق صالح الصماد صوبے الحدیدہ کے جنوب میں واقع علاقے البریہی میں عرب اتحاد کی جانب سے
ایک مکان پر کیے جانے والے فضائی حملے میں مارے گئے۔مقتول کو حوثی تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی کے بعد باغیوں کا دوسرا بڑا لیڈر شمار کیا جاتا تھا۔واضح رہے کہ حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل نے صالح الصماد کی قیادت میں صنعاء میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی منتخب حکومت کے خلاف ستمبر 2014ء میں بغاوت برپا کرنے کے بعد سرکاری اداروں پر قبضہ کر لیا تھا اور اپنی خود ساختہ حکومت بنالی تھی۔