واشنگٹن(این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دو روز قبل یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر سات میزائل حملوں کو یمنی باغیوں کی شکست کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی سے ثابت ہوگیا ہے کہ حوثی کم زور اور شکست خوردہ ہوچکے ہیں۔امریکی اخبارسے بات کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب یمن کے بحران کو سیاسی عمل کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شہزادہ محمد نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ انتہا پسند جماعتوں اور دہشت گردوں کی طرف سے اسلام کو اغواء کرلیا گیا ہے۔ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ تہران کے ساتھ طے پائے جوہری سمجھوتے نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکا نہیں۔ اس معاہدے سے ایران جوہری بم تیار کرنے میں تاخیر کرے گا مگر یہ معاہدہ اسے ایٹمی ہتھیاروں سے روک نہیں سکتا۔