اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں جاری جنگ کے دوران اب تک ہزاروں شہری جاں بحق ہو چکے ہیں لیکن اب اقوام متحدہ نے ایسا قدم اٹھا لیا ہے جو اس صورتحال کے پیش نظرہر مسلمان کی خواہش تھی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے متفقہ طور پر شام میں 30دن کے لیے فائربندی کی قرارداد منظور کر لی ہے۔یہ قرارداد دو روز قبل پیش کی گئی تاہم روس کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اس کی منظوری میں تاخیر ہوئی۔
اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ”شام میں 30دن تک فائربندی رہے گی تاکہ امدادی سامان متاثرین تک پہنچ سکے اور زخمی شہریوں کو وہاں سے نکال کر ان کا علاج کیا جا سکے۔“ رپورٹ کے مطابق اس وقت شام کی حکومتی افواج اور باغیوں میں گھمسان کا رن پڑا ہوا ہے اور افواج باغیوں سے دمشق کے گردونواح کا علاقہ بازیاب کرانے کے لیے شدید بمباری کر رہی ہیں جس سے گزشتہ ایک دن میں کئی بچوں سمیت 35عام شہری جاں بحق چکے ہیں۔