اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے غیر ملکی سائنسدانوں اور ماہرین صحت کو مفت ویزے جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ عرب ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے ملک میں جدید تحقیق کی فروغ اور صحت سے متعلق جدید سہولیات سے اپنے شہریوں کو مستفید کرنے کیلئے غیر ملکی سائنسدانوں اور ماہرین صحت کو مفت ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل سعودی ہیلتھ کونسل احمد العامری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے بہترین ذہنوں کو
سعودی عرب میں لانے کے لیے گزشتہ ہفتے ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں سائنسدانوں اور صحت کے شعبے کے ماہرین کے لیے ’’ مفت ویزے ‘‘ کی پالیسی مرتب کرنے کی منظوری دی گئی جس کا آج باضابطہ اعلان کیا جارہا ہے۔احمد العامری نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2023 کے تحت جدید اور ترقی پسند سعودی عرب کے حصول کے لیے سائنس دانوں اورمختلف شعبوں میں ریسرچ کرنے والے محققین اورماہرین صحت کو بھی مفت ویزے جاری کیے جائینگے۔