قاہرہ(آئی این پی)عرب لیگ کے وزرا خارجہ نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی 1980 میں منظور کی گئی قرارداد 478 پر عمل کرتے ہوئے بیت المقدس شہر میں سفارتی مشن قائم کرنے سے احتراز کریں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے صدر دفتر میں ہونے والے خصوصی اجلاس کے دوران عرب وزرا خارجہ نے ایک بار پھر باور کرایا کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور وہاں سفارتی مشن منتقل کرنے کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ یکسر مسترد کیا جائے گا۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں امن کو بطور ہتھیار تھامے رکھنے اور عرب اسرائیل تنازع 2002 کے عرب امن منصوبے کے مطابق حل کرنے کی تاکید کی گئی۔ بیان میں زور دیا گیا کہ امن عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے۔ ادھر فلسطینی وزیر برائے اوقاف ومذہبی امور یوسف ادعیس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنوری 2018 کے دوران تاریخی جامع مسجد ابراہیمی میں 49 بار اذان پر پابندی لگائی، جس پر فلسطینی سراپا احتجاج ہیں۔