نئی دہلی(این این آئی)بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کاس گنج میں ہندو مسلم فساد کے نتیجے میں کم از کم ایک ہندونوجوان ہلاک اور 17افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق ریاستی پولیس کے سربراہ راہول سریواستو نے صحافیوں کو بتایا کہ کاس گنج لکھنؤ سے 340 کلومیٹر شمال مغرب کی طرف واقع ایک ایسا چھوٹا سا شہر ہے جہاں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقامی ہندوؤں اور مسلمانوں کے دو ایسے گروہوں کے مابین
تصادم شروع ہو گیا جن کے ارکان شاٹ گنوں اور لاٹھیوں سے مسلح تھے۔ ان مسلح گروپوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا۔پولیس کے مطابق یہ فساد اس وقت شروع ہوا جب چند ہندو انتہا پسند گروہوں کے ارکان اس چھوٹے سے شہر کے ایک ایسے علاقے سے مارچ کرتے ہوئے گزرنے لگے، جہاں مقامی مسلم آبادی کی اکثریت ہے۔اس دوران مظاہرین کے ایک گروپ نے کم از کم تین دکانوں کو آگ لگا دینے کے علاوہ ایک بس کو بھی نذر آتش کر دیا۔