واشنگٹن (این این آئی) امریکا میں ’پیو ریسرچ‘ سینٹرنے کہاہے کہ مذہب امریکیوں کی اسرائیل کی طرف داری کا اہم سبب ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق حال ہی میں امریکا میں ’پیو ریسرچ‘ سینٹر کے زیراہتمام اسرائیل کے لیے امریکیوں کی طرف داری پر رائے عامہ کا ایک جائزہ لیا گیا۔ اس رپورٹ کے جاری کردہ نتائج میں بتایا گیا کہ امریکیوں کی اسرائیل کی طرف داری اور بے جا جانب داری کا
ایک سبب مذہب بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں 79 فی صد ری پبلیکن اور 27 فی صد ڈیموکریٹس اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔رپورٹ میں امریکا میں اسرائیل کے حوالے سے گذشتہ چالیس سال کے دوران ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آج سے چالیس برس پیشتر اسرائیل کی حمایت کے حوالے سے ری پبلیکن اور ڈیموکریٹس کے نقطہ نظر میں کوئی زیادہ فرق نہیں تھا۔ چالیس سال پہلے 49 فی صد ری پبلیکنز اور 44 فی صد ڈیموکریٹس اسرائیل کی حمایت کرتے تھے جب کہ امریکا کے 45 فی صد آزاد خیال اور لبرل بھی اسرائیل کی طرف داری کرنے میں مشہور تھے۔ اس لیے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ چار عشرے پیشتر بیشتر امریکیوں کا اسرائیل کے بارے میں نقطہ قریب قریب ایک ہی جیسا تھا۔رپورٹ کے مطابق امریکا کے سفید فام انجیلی عیسائیوں کی اکثریت اسرائیل کی طرف داری کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 78 فی صد انجیلی عیسائی اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔ مذہب سے غیروابستہ 26 فی صد اسرائیل کی اور 29 فی صد فلسطینیوں کے حامی ہیں۔پیومرکز کے تجزیے کے مطابق امریکا میں اسرائیل کی حمایت کا ایک عنصر مذہب بھی ہے۔ امریکا میں انجیلی میسحی اسرائیل کی حمایت اور اسرائیل کے بارے میں پالیسیوں پر بڑے پیمانے پر اثرا انداز ہوے ہیں۔