نیویارک (آئی این پی )اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہاہے کہ عالمی برادری مسائل حل نہیں کرسکتی توبرائے مہربانی بگاڑے نہیں، امریکہ کی جانب سے شام میں ایک خصوصی فورس کے قیام کی تجویز پر کہا کہ یہ مسئلہ شامی عوام اگر خود حل کریں تو بہتر ہوگا۔ وہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل
انتونیو گوٹیرس نے امریکہ کی جانب سے شام میں ایک خصوصی فورس کے قیام کی تجویز پر کہا ہے کہ یہ مسئلہ شامی عوام اگر خود حل کریں تو بہتر ہوگا۔سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عالمی برادری متعدد عالمی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہے لہذا میرا خیال ہے کہ ان مسائل کو مزید ہوا نہ دی جائے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ہم مشرق وسطی کی گتھی میں الجھنے اور جزیرہ نما کوریا کے ساتھ ممکنہ ایٹمی جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں۔
انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں، بنیا د پرستی اور ان سے مشابہہ مسائل پر بات چیت کیلیے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ شام میں امریکہ کی طرف سے خصوصی فورس کے قیام کی تجویز پر سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کا حل شامی عوام اگر خود تلاش کریں تو بہتر ہوگا کیونکہ فوجی کاروائی ہر طرح کے تصفیہ طلب مسائل میں ناکام رہی ہے۔