تہران(این این آئی)عراق اور ایران کے درمیان واقع سرحدی علاقے میں پے درپے چھے زلزلے آئے ،ریختر اسکیل پر ان کی شدت پانچ تھی اور ان کے جھٹکے بغداد اور عراق کے دوسرے شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی جیالوجیکل سروے نے بتایاکہ عراق کے سرحدی شہر مندلی میں پانچ زلزلے آئے ہیں ۔ان کے بعد ایران کے علاقے مہران میں زلزلہ آیا ہے۔ان تمام کے جھٹکے ایک گھنٹے کے دورانیے میں میں محسوس کیے گئے ،
ان زلزلوں کی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔فوری طور پر ان زلزلوں سے کسی جانی نقصان یا عمارتوں کی تباہی کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق زلزلوں کے جھٹکوں کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے۔واضح رہے کہ اسی علاقے میں نومبر 2017 میں 7.2 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا اور اس کے نتیجے میں صرف ایران میں 530 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔اس زلزلے سے عراق کے شمالی علاقے کردستان میں نو افراد ہلاک اور 550 زخمی ہوگئے تھے۔