فلوریڈا(اے این این) امریکی عدالت نے گزشتہ برس مسجد میں توڑ پھوڑ اور حرام جانور کا گوشت پھینکنے والے شر پسند کو 15 سال قید کی سزا سنادی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست فلوریڈا میں گزشتہ برس مائیکل وولف نامی شر پسند نے مسجد میں توڑ پھوڑ کے علاوہ خنزیر کا گوشت بھی پھینکا تھا۔ پولیس نے مسجد کے اطراف
میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو شناخت کے بعد گرفتار کیا تھا۔ مائیکل وولف پر مسجد میں توڑ پھوڑ، شر انگیزی پھیلانے اور عبادت گاہ کا تقدس پامال کرنے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔فلوریڈا کی مقامی عدالت نے جرائم ثابت ہونے پر مائیکل وولف کو 15 سال قید کی سزا سنا دی، اس کے علاوہ مجرم کو مزید پندرہ سال مختلف پابندیوں کے تحت گزارنا ہوں گے۔علاقے میں آباد مسلمانوں نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں معاشرے میں استحکام اوربہتری کیلئے نفرت انگیزی کو ہرصورت روکنا ہوگا، عدالت کے فیصلے سے ان تمام افراد کو واضح پیغام جائے گا جو مسلمانوں کو ہدف بناتے ہیں۔