واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انکے سخت الفاظ کے باعث پاکستان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے اور پاکستان نے دوبارہ امریکہ کا احترام کرنا شروع کردیا ہے،غیر ملکی مغویوں کی رہائی پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ایک مثبت لمحہ ہے ،ہم اسطرح کے تعاون ، باقی مغویوں کی رہائی کو یقینی
بنانے اور مستقبل میں مشترکہ انسداد دہشتگردی آپریشنز کیلئے اس قسم کے ٹیم ورک کی امید رکھتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے امریکی خاتون کولمین انکے کینیڈین شوہر بوائل اور بچوں کی رہائی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرپ نے کہاکہ انکے سخت الفاظ نے پاکستان کے رویے میں تبدیلی کا اظہار کیا ہے اور اس بات کا یقین ہے کہ پاکستان نے دوبارہ امریکہ کا احترام کرنا شروع کردیا ہے ۔انھوں نے اس پر بہت محنت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ انھوںنے دوبارہ امریکہ کا احترام شروع کردیا ہے ۔یہ بہت ضروری ہے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اقدام کو پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ایک مثبت لمحہ قرار دیا۔امریکی صدر نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستانی حکومت کا تعاون اس بات کی علامت ہے کہ وہ خطے میں سیکورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے امریکہ کی خواہشات کا احترام کرتا ہے ہم اسطرح کے تعاون ، باقی مغویوں کی رہائی کو یقینی بنانے اور مستقبل میں مشترکہ انسداد دہشتگردی آپریشنز کیلئے اس قسم کے ٹیم ورک کی امید رکھتے ہیں۔