ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے قیام کو 87 برس پورے ہونے کی خوش میں 87 غوطہ خوروں نے 87 میٹر طویل سعودی پرچم سمندر میں 87 میٹر کی گہرائی تک پہنچا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں 87 غوطہ خوروں نے 87 میٹر طویل ملکی پرچم بحرِ احمر میں 87 میٹر
کی گہرائی تک پہنچانے کا منفرد کارنامہ انجام دیا ہے،یہ قدم سعودی عرب کے قیام کے 87 برس پورے ہونے کی خوشی میں اٹھایا گیا ہے۔اس سرگرمی کو سمندر کی گہرائی میں پرچم اتارے جانے کی سب سے بڑی کارروائی کے طور پر درج کر لیا گیا ہے، گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی جیوری ٹیم کی جانب سے اس نئے ریکارڈ کی تصدیق کر دی گئی ہے۔اس کارروائی کے منتظم اعلیٰ کیپٹن ربحی سکیک نے بتایا کہ “گینز کے منتظمین نے ہم سے مطالبہ کیا تھا کہ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے صرف 65 میٹر کی گہرائی تک جانا ہو گا تاہم ہم نے مشکل کا سامنا کرنے کے باوجود اس فاصلے کو 87 میٹر تک طویل کر دیا”۔منصوبے کے ایک معاون سیف الصاعدی کا کہنا ہے کہ “ہم نے یہ کارنامہ اپنے وطن اور عوام کی محبت میں انجام دیا ہے یہ خادم حرمین اور ان کے ولی عہد کے لیے ہماری وفاداری کی تجدید بھی ہے”۔