دی ہیگ(این این آئی)افریقی ملک مالی میں ہالینڈ کے دو فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شدید تنقید کے باعث ڈچ وزیر دفاع جینین ہینِس اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئیں۔ ان کے علاوہ ہالینڈ کی فوج کے سربراہ نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دی ہیگ میں ملکی پارلیمان سے اپنے خطاب میں خاتون وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ افریقی
ملک مالی میں ایک عسکری مشق کے دوران دو ڈچ فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق خود پر عائد ہونے والی ذمے داری قبول کرتی ہیں۔ یہ فوجی اچانک ایک ’قدرے ناقص‘ دستی بم پھٹنے سے گزشتہ برس جولائی میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے سے متعلق ایک تفتیشی رپورٹ کے نتائج ابھی گزشتہ ہفتے ہی سامنے آئے تھے۔