کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی ہوٹل ریوران کی انتظامیہ نے آئندہ پی آئی اے عملے کو ہوٹل میں کمرہ دینے سے انکار کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی ہوٹل”ریوران“کی انتظامیہ نے پی آئی اے کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ آئندہ پی آئی اے عملے کو ہوٹل میں کمرہ نہیں دیں گے‘
خط کے متن میں کہا گیا کہ پی آئی اے عملے کی وجہ سے خواتین خود کوغیرمحفوظ سمجھتی ہیں، پی آئی اے کا عملہ خواتین سٹاف ممبر کے موبائل نمبر مانگتا ہے لہٰذا جب تک ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی ہوٹل انتظامیہ پی آئی اے عملے کو مزید رہنے کےلئے کمرے نہیں دے گی۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل پی آئی اے کے طیارے سے بھاری مقدار میں ہیروئین بھی برآمد ہوچکی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل قومی ایئر لائن کی پیرس جانے والی پرواز کے عملے نے پیرس میں مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہو کر ایک ہوٹل میں ہنگامہ آرائی کی تھی۔ پی آئی اے کے چیئرمین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ پیرس جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 796 کے عملے نے پیرس کے ایک ہوٹل میں ہنگامہ آرائی اور وہاں موجود افراد سے بدتمیزی کی۔ پی آئی اے کا عملہ مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت تھا جس کا اظہار ان کی آنکھوں اور رویوں سے بھی ہورہا تھا۔ہوٹل انتظامیہ نے اس رویے پر پی آئی اے عملے کی سخت بے عزتی کی اور انہیں ہوٹل میں کمرے دینے سے انکار کردیاتھا۔