اقوام متحدہ (آئی این پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے گذشتہ روز یہاں شام کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ولید معلم سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران شامی نائب وزیر اعظم نے چینی وزیر خارجہ کو شام کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ جنگ بندی میں پیشرفت ہورہی ہے اور تشدد کا خاتمہ ہو رہا ہے ، ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور صورتحال استحکام کی
طرف جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شامی مسئلے پر ہم چین کے غیر جانبدارانہ موقف کی تعریف کرتے ہیں اور شام میں چین جو تعمیری پرامن اور مستحکم کردار ادا کررہا ہے اس کو سراہتے ہیں ۔انہوںنے توقع ظاہر کی جنگ کے بعد چین شام کی تعمیر نو میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا ۔چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین قدیم شاہراہ ریشم کا اہم کردار ہے اور بیلٹ اینڈ
روڈ منصوبہ دوطرفہ تعاون میں اہم کردارادا کر سکتاہے،چین اس منصوبے میں شام کی شمولیت کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ اس کے فریم ورک میں شام تعاون کرے ۔شامی اور چینی وزرائے خارجہ کی ملاقات یہاں نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 72ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے ۔