واشنگٹن (این این آئی)امریکہ نے مکمل آزادی کیلئے کردستان کے مجوزہ ریفرنڈم کی مخالفت کر دی،میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں کہا کہ عراق کے تمام ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ ساتھ امریکہ بھی اس ریفرنڈم کی سختی سے مخالفت
کرتا ہے۔پریس ریلیز میں محکمہ خارجہ نے کرد رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے عراق کی وفاقی حکومت سے اْن مزاکرات کا راستہ اپنائے جن کے لئے امریکہ، اقوام متحدہ اور دیگر اتحادی ممالک نے مدد کا وعدہ کر رکھا ہے۔ محکمہ خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر کرد رہنما ریفرنڈم
پر مصر رہیں گے تو اْس کے نتیجے میں عراق کی وفاقی حکومت سے مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا اور وہ امریکی مدد کی پیشکش سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ اس ریفرنڈم پر اصرار کی وجہ سے عراق کے باقی ماندہ حصوں سے داعش کو باہر نکالنے
کی کارروائیوں میں خلل پڑ رہا ہے۔