پیانگ یانگ(این این آئی)شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہؤ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر’’بھونکنے والے کتے کاٹتے نہیں‘‘کے مترادف ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے امریکی صدر ٹرمپ کی تقریر پر اپنے پہلے ردعمل میں شمالی کوریا کے
وزیرِ خارجہ ری یونگ ہؤ نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرمپ ہمیں گرج کر حیران کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو وہ خواب دیکھ رہے ہیں۔کم جونگ ان کو راکٹ مین کہنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ میں ان کے ساتھیوں کے ساتھ افسوس کرتا ہوں۔شمالی کوریا کی جانب سے سخت بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اس پر لگائی جانے والی نئی پابندیاں ‘انتہائی برے، غیر اخلاقی اور غیر انسانی جارحیت ہے۔شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہؤ جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔