واشنگٹن (آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی مقبولیت مزید گر گئی ،عصر حاضر میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق موجودہ امریکی صدر کو ملکی تاریخ کا سب سے برا صدر قرار دیدیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کو اقتدار میں آئے ہوئے صرف سات مہینے کا ہی عرصہ گذرا ہے لیکن انہیں امریکی تاریخ کا سب سے برا صدر قراردیا جا رہا ہے – رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت روز بروز کم ہوتی جا رہی ہے –
ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت حکومت کے پہلے ہی سال میں چالیس فیصد سے کم ہوگئی ہے جو امریکی صدور کی تاریخ میں ایک بدترین ریکارڈ ہے – گیلوپ ادارے کے سروے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت صرف سینتیس فیصدامریکیوں نے صدر ٹرمپ کے حق میں اپنی مثبت رائے دی ہے – قبل ازیں حکومت کے پہلے سال میں سب سے کم مقبولیت باراک اوباما کی تھی تاہم ان کی بھی مقبولیت کا گراف چالیس فیصد سے نیچے نہیں آیا تھا –