اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف ریسلر اور ہالی ووڈ اداکار ڈوائن جانسن دی راک نے کچھ عرصہ قبل امریکی صدر بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور امریکی عوام کو یہ بات اس قدر پسند آئی کہ امریکا کے وفاقی الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے باقاعدہ درخواست دائر کردی گئی۔
کینٹن ٹلفورڈ نامی ایک امریکی شہری نے امریکی وفاقی الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے کہ ڈوائن جانسن کو امریکی عہدہ صدارت کے لیے نامزد کیا جائے۔گو کہ یہ واضح نہ ہوسکا کہ درخواست دینے والے کا دی راک سے کیا تعلق ہے، تاہم اس کا کہنا ہے کہ یہ درخواست اداکار کی جانب سے ہی دی گئی ہے۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل دی راک نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ سنہ 2020 کے صدارتی انتخابات کا حصہ بننے کا امکان رد نہیں کرسکتے۔دی راک ماضی میں بھی سیاست میں حصہ لینے کا عندیہ دے چکے ہیں۔اس سے قبل ایسی ہی ایک مثال معروف اداکار آرنلڈ شوازینگر کی بھی ہے جو ریسلنگ اور اداکاری کے میدان میں خود کو منوانے کے بعد سیاست کے میدان میں آئے اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر بنے۔