ریاض (این این آئی)سعودی حکام نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ سابق ولی عہد محمد بن نایف کو ان کے محل تک محدود کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا مطابق ایک سینئر سعودی عہدے دار نے جمعرات کو نیویارک ٹائمز کی اس خبر کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ شہزادہ محمد بن نایف کو ان کے محل میں نظربند کر دیا گیا ہے اور ان کے بیرونِ ملک سفر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
گذشتہ ہفتے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بھتیجے محمد بن نایف کی جگہ اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو اپنا جانشین مقرر کیا تھا۔ سعودی حکام نے بتایا کہ سابق ولی عہد اور سابق وزیرِ داخلہ محمد بن نایف مہمانوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور ان کی یا ان کے خاندان کی نقل و حرکت پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔