نیویارک( آن لائن ) امریکی خفیہ ایجنٹ ریمنڈ ڈیوس نے 2011 میں پاکستان میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے اپنی یادداشت کو کتاب کی شکل دے دی ہے جس میں انہوں نے دو پاکستانی شہریوں کے قتل اور اس کے بعد پاکستان اور امریکا کے سفارتی تعلقات میں پیدا ہونے والے بحران کا تذکرہ کیا ہے۔
ایمازون ریویو کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کی اس کتاب کا عنوان ’The Contractor: How I landed in a Pakistani Prison and Ignited diplomatic crisis ‘ ہے جس میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اصل قیمت کی عکاسی کرنے کی کوشش کی ہے۔ کتاب میں ریمنڈ ڈیوس نے 2011 میں پاکستان کے شہر لاہور میں پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات درج کی ہیں جس کے بعد انہیں جیل جانا پڑا تھا اور دونوں ملکوں کے سفارتکار انہیں وہاں سے نکالنے کے لیے سرگرم ہوگئے تھے۔ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کی قیمت 16.96 ڈالر مقرر کی گئی ہے اور اس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح معمول کی ایک ڈرائیو فرنٹ پیج کی خبر بن گئی تھی۔ یاد رہے کہ ریمنڈ ڈیوس امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے پرائیوٹ کنٹریکٹر تھے جنہیں لاہور میں دو افراد کے قتل کے الزام میں 2011 میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ریمنڈ ڈیوس نے اس قتل کو اپنے دفاع میں اٹھایا گیا اقدام قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ مارے جانے والے افراد انہیں لوٹنے کی کوشش کررہے تھے۔48 روز تک تحویل میں رہنے کے بعد لاہور کے سیشن کورٹ نے انہیں رہا کردیا تھا جبکہ ریمنڈ ڈیوس نے ہلاک ہونے والے دونوں افراد کے لواحقین کو خون بہا کے طور پر 20 کروڑ روپے ادا کیے تھے جب کہ غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں 20 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کیا تھا۔۔#/s#