واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مہاجرین اور مسافروں کی اسکریننگ میں اضافے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی ویزا کے خواہش مند غیرملکیوں کے سوشل میڈیا اکاونٹس، ای میل ایڈریسز اور فون نمبرز کا جائزہ لینے کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ قدم ٹرمپ کی ویزے سے متعلق نئی انتظامی پالیسی کے تحت اٹھایا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے بعد وہ امریکی ویزے کے خواہش مند چند مخصوص مسافروں کی سوشل میڈیا کی جانچ کریں گے۔
امریکی محکمہ داخلہ کے فیڈرل رجسٹر کی جانب سے شائع کردہ نوٹس میں اس اقدام پر عوامی رائے طلب کی گئی، تاہم نوٹس میں کہا گیا کہ عوامی رائے سے قطع نظر وہ جلد عارضی طور پر اس کی اجازت چاہتے ہیں۔نوٹس کے مطابق اس قانون کا طلاق ان افراد پر ہوگا جن کا نام ویزے کے حصول کے لیے پہلے ہی اضافی اسکروٹنی کی فہرست میں درج ہوگا۔ ان میں سے زیادہ تر وہ افراد ہوں گے جو اس سے قبل دہشت گردوں کے زیر قبصہ علاقوں جیسے شام یا عراق کا سفر کر چکے ہوں گے۔