واشنگٹن (آئی این پی) امریکی ایوان نمائندگان نے ایک قانونی بل منظور کرلیا جس کے تحت نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو شام میں اپوزیشن گروپوں کے لیے زمین سے فضا میں مار کرنے والے طیارہ شکن میزائل بھیجنے کا اختیار حاصل ہوگیا ۔امریکی اخبار “واشنگٹن پوسٹ” کے مطابق بِل میں ان ہتھیاروں کی منتقلی پر بعض قیود بھی لگائی گئی ہیں۔
اخبار نے مزید بتایا ہے کہ قانونی بل گزشتہ بلوں کے لحاظ سے یکسر مختلف ہے بالخصوص اس لیے کہ یہ ان بین الاقوامی بنیادی قوانین کے مخالف ہے جن کا امریکا دفاع کرتا ہے۔ یہ قوانین ریاست کے دائرہ کار سے باہر لڑنے والی جماعتوں کو کسی بھی نوعیت کے آلات شکن میزائل کی فراہمی کو ممنوع قرار دیتے ہیں۔اخبار نے ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان ہتھیاروں کی تقسیم عسکری اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے سپورٹروں یا مشیروں کی موجودگی کا تقاضا کرے گی۔ ماہرین کے نزدیک نیا دفاعی قانونی بِل بڑی حد تک علامتی نوعیت کا ہوگا۔