ممبئی (این این آئی)سرجیکل اسٹرائیک کا معاملہ بھارت میں بھی متنازع ہو گیا اور نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور سابق وزیر داخلہ چدم برم نے بھی سرجیکل اسٹرائیک کے حوالے سے ثبوت مانگ لیے تاہم ابھی تک بھارت کی جانب سے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا ۔بھارتی میڈ یا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگنے کے بعد سابق بھارتی وزیر داخلہ اور کانگریس رہنما پی چدم برم نے بھی مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیاہے ۔انہوں نے کہاکہ مودی سرکار سرجیکل اسٹرائیک پر غیر ضروری واویلا کر رہی ہے ،حکومت سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت فراہم کرے ۔انہوں نے کہاکہ سرجیکل اسٹرائیکس کو بڑھا چڑھا پر پیش کیا جا رہا ہے ۔پی چدم برم نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے چاہیے ٗسابق بھارتی وزیر داخلہ کے بیان پر بی جے پی آگ بگولہ ہو گئی ،بی جے پی کے رہنما اور بھارتی وزیر روی شنکر نے کہا کہ کجریوال اور چدم برم کو سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت کیوں چاہئیں ،کیا انہیں اپنی بھارتی فورسز کی قابلیت پر شک ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوال اٹھانے والے بھارتی فوج کی بے عزتی کر رہے ہیں۔