نئی دہلی(آن لائن) انتہا پسند ہندونے بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر جوتا پھینک دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی سیتا پور میں کانگریس کی ریلی کے دوران ہاتھ لہر کر اپنے کارکنوں کے نعروں کا جواب گاڑی سے باہر نکل کر دے رہے تھے کہ اس دوران کانگریس پارٹی کے کارکنوں کی صفوں میں شامل ایک انتہا پسند ہندو نے راہول گاندھی پر جوتا پھینک دیا جس کے بعد کارکنوں نے انتہا پسند ہندو کو پکڑ لیا اور اس کی خوب پٹائی بھی کی اور اس کے بعد پولیس کے حوالے کردیا جبکہ جوتا پھینکنے والے انتہا پسند ہندو کا کہنا تھا کہ کانگریس کی طرف سے پاکستان کیلئے نرم گوشہ رکھنے پر اس نے راہول گاندھی پر جوتا پھینکا۔واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کیخلاف سخت بیانات دے رہے ہیں اور ان کا حالیہ بیان کہ ’’پاکستان جنگ کی بجائے غربت سے لڑے‘‘ کے بعد پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی طرف سے مودی پر شدید تنقید کی گئی اور اسے یاد دلایا گیا کہ مودی سرکار پہلے اپنے ملک سے غربت ختم کرلے۔