لاہور ( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو افغانستان کے بگرام ایئر بیس میں قید پاکستانیوں کی تمام معلومات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے کاغذی کاروائیوں کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ گزشتہ روز,لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کی وکیل نے موقف اپنایا کہ عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق درجنوں پاکستانی افغانستان کے بگرام ائیربیس پر قید ہیں تاہم حکومت کی جانب سے ان کی بازیابی کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے جارہے ۔ انہوں نے مزید موقف اپنایا کہ بگرام ائیربیس سے بازیاب کرائے جانے والے اکثر پاکستانیوں کو وزارت داخلہ نے ریویو بورڈ کے روبرو پیش کرنے کے نام پر تاحال اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے ۔وفاقی حکومت کے وکیل نے فاضل عدالت کو بتایا کہ بگرام ائیر بیس پر موجود پاکستانیوں کی بازیابی کے لئے امریکی حکام سے سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے جبکہ حکومت دیگر اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت کو بگرام ائیربیس پر قید پاکستانیوں کی تمام تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔