نئی دہلی (این این آئی)بھارت کے وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ موجود حالات میں کوئی بھی جذباتی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا اور بھارت اوڑی کیمپ میں ہونے والے حملے کا مناسب منصوبہ بندی کے بعد جواب دے گا۔انھوں نے یہ بات مقبوضہ کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں شدت پسند حملے کے تناظر میں پیر کو نئی دہلی میں ہونے والے اہم اجلاس کے بعد کہی۔ی کے سنگھ نے کہا کہ فوجی اڈے پر حملے کی وجہ بننے والی خامیوں کی تحقیقات بھی ضروری ہیں میں چونکہ فوج کو قریب سے جانتا ہوں اس لیے میرے خیال میں جو کچھ وہاں ہوا اس کا تجزیہ ضروری ہے ٗ اس بات کی تحقیقات کی جانی چاہئیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا اور خامیاں کہاں کہاں تھیں۔انہوں نے کہاکہ فوج کو مستعد رہنے کی ضرورت ہے ٗ اقدامات جذبات کی رو میں بہہ کر نہیں کیے جانے چاہئیں ان کیلئے دماغ ٹھنڈا رکھنے اور مناسب منصوبہ بندی ضروری ہے۔