نئی دہلی (این این آئی)بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دہتے ہوئے کہا کہ اسے عالمی سطح پر تنہا کردینا چاہئے۔ مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے اڑی سیکٹرمیں قابض بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 17 فوجی ہلاک اور20 زخمی ہوگئے۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر میں کہا کہ پاکستان مسلسل دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی مدد کررہا ہے، پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے جس کی نشاندہی کرکے ہمیں اس کو تنہا کردینا چاہیے۔ ادھر مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت کے نائب وزیراعلی نرمل کمار سنگھ نے پاکستان پر دراندازی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان، حریت رہنما اور شدت پسند بھارت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔