اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ مگ 21راجستھان میں گر کر تباہ ہو گیا تاہم پائلٹ حادثے میں محفوظ رہے۔بھارتی میڈ یا کے مطابق مگ21معمول کی پرواز کر رہا تھا کہ اچانک تکنیکی خرابی کے باعث راجستھان کے علاقے باڑمیر میں گر کر تباہ ہو گیا۔لڑاکا طیارے میں موجود دو پائلٹ بروقت باہر نکل کر اپنی جان پچانے میں کامیاب ہو گئے۔واضح رہے کہ 1970سے اب تک بھارتی مگ 21لڑاکا طیاروں کے حادثات میں اب تک بھارتی ائیر فورس کے 170پائلٹ ہلاک ہو ئے ہیں۔بھارتی وزارت خارجہ کے دستاویزات کے مطابق2012سے ابھی تک بھارتی فضائیہ کے 25لڑاکا طیاروں کو حادثات کا سامنا کرنا پڑا جن میں سے آدھے طیارے مگ فائٹرز ہیں۔بھارتی فضائیہ مگ 21اور مگ27لڑاکا طیاروں کے کچھ اسکوارڈن ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔مگ 21لڑاکا طیارے کو 2017سے 2020کے دوران بھارتی فضائیہ سے علیحدہ کردیا جائے گا جبکہ مگ 27کے اپ گریڈ نہ ہونے والے لڑاکا طیاروں کو اسی سال بھارتی فضائیہ سے علیحدہ کیا جائے گا۔