نیویارک(این این آئی) نیویارک میں برٹش قونصلیٹ کے سامنے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بانی متحدہ کیخلاف زبردست مظاہرہ کیا ٗمظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر بانی ایم کیو ایم کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں شرکاء میں بڑی تعداد کراچی سے تعلق رکھنے والوں کی تھی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یس این وائی کے صدر فضل الحق نے کہاکہ متحدہ بانی مہاجروں کے نمائندہ نہیں بلکہ ایک تنظیم کے رہنماء ہیں ٗ انہوں پاکستان مخالف بیان دے کر اردو بولنے والوں ذلیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ کمیونٹی رہنماء اشرف عظمی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق کراچی سے ہے اور پاکستان مخالف نعرہ میرے شہر سے لگا ہے۔ میرا یہ فرض تھا کہ ہم اس نعرے کے جواب میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کریں ٗکراچی سے تعلق رکھنے والے وکیل وحید حسینی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف نعرہ دہشت گردی ہے۔ برونکس کمیونٹی لیڈر شبیر گل نے کہاکہ اردو بولنے والے سارے پاکستانیوں نے پاکستان مردہ باد کا نعرہ بلند کرنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ مظاہرین نے برطانوی حکومت سے پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو برطانیہ بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔