انقرہ (این این آئی)ترک صدر نے مغربی اقوام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کرنے والوں کی حمایت کر رہی ہیں۔ یورپی یونین مہاجرین سے متعلق طے پانے والی ڈیل کی شرائط پوری کرنے میں بھی ناکام ہو رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انقرہ میں غیر ملکی سرمایا کاروں کے ساتھ ایک ملاقات میں ترک صدر ایردوآن نے کہا کہ جنہیں وہ اپنا دوست سمجھتے تھے، وہ ’دہشت گرد عناصر‘ کا ساتھ دے رہے ہیں۔ ایردوآن نے اصرار کیا کہ فوجی بغاوت کی کوشش بیرون ممالک سے کی گئی تھی۔ انہوں نے مغربی ممالک بشمول فرانس، جرمنی، آسٹریا اور بیلجیم پر الزام عائد کیا کہ وہ پندرہ جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد ترکی کے ساتھ حمایت کا اظہار کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ایردوآن کا کہنا تھاکہ بدقسمتی سے مغرب دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے اور ناکام فوجی بغاوت کرنے والوں کا ساتھ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ جولائی کی ہوئی ناکام بغاوت کے بعد کوئی اعلیٰ یورپی رہنما ترکی نہیں آیا ہے۔ترک صدر نے یورپی یونین کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی ڈیل کے بعد یورپی بلاک وعدے کے مطابق مطلوبہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کر رہا ہے جبکہ ساتھ ہی شینگن زون میں ترک باشندوں کی ویزا فری انٹری کے معاملے پر بھی پیشرفت نہیں ہو رہی ہے۔