نیویارک (آئی این پی )جنگ میں مرنے والے 17 امریکی فوجیوں کے خاندانوں نے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ دل آزاری کرنے پروہ خضرخان اورغزالہ خان سے معافی مانگیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگ میں ہلاک ہونے والے گولڈ اسٹار ہولڈرز17امریکی فوجیوں کے خاندانوں نے مشترکہ خط میں کہا ہے کہ ٹرمپ نے خضرخان اور غزالہ خان کے خلاف بیان دے کر نہ صرف جنگ میں مرنے والے فوجیوں کے خاندانوں کی بلکہ پوری امریکی قوم کی توہین کی ہے۔ خضر خان اور غزالہ خان کے بیٹے ہمایوں خان نے ملک و قوم کیلئے قربانی دی ان سے متعلق ٹرمپ کا بیان قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔خاندانوں نے ٹرمپ سے مطالبہ کیاکہ وہ خضر خان خاندان سمیت جنگ میں مرنے والے تمام خاندانوں سے معافی مانگیں۔واضح رہے کہ ڈونلد ٹرمپ نے خضرخان اور غزالہ خان کی جانب سے ملک کے لیے قربانی دینے کے بیان کا مذاق اڑایا تھا۔