اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہواتو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت خطے میں ہونے والے حالیہ تبدیلیوں کے تناظر میں اہم فیصلے کئے گئے ۔یہ فیصلہ بھی کیا گیاہے کہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز جمعہ کے روز سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل سہیل امان ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت اہم رہنماﺅں نے شرکت کی ۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں جبکہ ان تمام ممالک کی سلامتی بھی انتہائی اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو درپیش سلامتی کے خطرات کا جواب پاکستان سختی سے دے گا اور اس کی علاقائی سلامتی کے خطرے میں پاکستان بھرپور مدد بھی فراہم کرے گا۔وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں ایک وفد سعودی عرب بھیجا جائے گا اور اس وفد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت افواج پاکستان کے سینئر حکام بھی اس وفد میں شریک ہوں گے۔