اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ وہ امریکی صدر کے دفتر میں بھیجے جانے والے اس لفافے کا مزید تجزیہ کر رہی ہے جس میں ممکنہ طور پر سائنائیڈ زہر موجود ہے۔ابتدائی تجزیوں سے لفافے میں زہر کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔سیکرٹ سروس امریکی صدر کے تحفظ کا ذمہ دار ادارہ ہے اور اس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اس لفافے پر جو ٹیسٹ کیے گئے تھے ان کی نتائج منفی تھے تاہم منگل کو مزید تجزیوں سے سائنائیڈ کی موجودگی کے ’مثبت نتائج‘ ملے۔سیکرٹ سروس کے ترجمان رابرٹ ہوبیک کے مطابق ’اس کے بعد لفافے کو ان نتائج کی حتمی تصدیق کی خاطر مزید تجزیوں کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔‘انھوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا۔قانون نافذ کرنے والے ایک امریکی اہلکار نے سی این این کو بتایا تھا جب یہ خط پہلی بار کھولا گیا تو اس میں موجود مواد سے کوئی متاثر نہیں ہوا تھا۔خیال رہے کہ منگل کو ہی کانگریس کی ایک کمیٹی نے سیکرٹ سروس کے سربراہ جوزف کلینسی سے سکیورٹی کی ناکامیوں کے حالیہ واقعات کے بارے میں بازپرس کی ہے۔