امریکی حکومت نے جنگجو تنظیم داعش کے ہاتھوں یرغمال خاتون شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت نےجنگجو تنظیم داعش کے ہاتھوں یرغمال خاتون شہری کائلا موئیلر کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے ایک بیان میں خاتون کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کائلا موئیلر نے امریکا کے صحیح تشخص کی نمائندگی کی ہے تاہم امریکا ان کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں ضرور لائے گا۔
امریکی حکام کے مطابق جنگجو تنظیم داعش کی جانب سے ہلاک خاتون کے اہل خانہ کو ان کی ہلاکت کے بارے میں پیغام بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ خاتون امریکی شہری شام میں امدادی کارکن کے طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف تھی جہاں اگست 2013 میں جنگجو تنظیم داعش نے اسے شام کے شہر حلب سے اغوا کرلیا تھا اور رہائی کے عوض 7 ملین ڈالر کا مطالبہ کیا گیا تھا۔