واشنگٹن(آن لائن)عظیم لوگوں سے وابستہ چیزیں بھی عظیم بن جاتی ہیں۔ جی ہاں عظیم باکسر محمد علی نے سونی لسٹن کو شکست دینے کے لیے جو دستانے پہنے وہ بھی عظیم بن گئے۔تفصیلات کے مطابق محمد علی کو محمد علی بنانے میں بنیاد رکھی انیس سو چونسٹھ کے مشہور زمانہ مقابلے نے۔ اس مقابلے میں محمد علی نے اس وقت کے مایہ ناز باکسر سونی لسٹن کو ساتویں راونڈ میں ناک آؤٹ کر دیا اور پہلی بار ورلڈ ہیوی ویٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔جیت کے اگلے روز محمد علی نے اپنے مسلمان ہونے کا اعلان کر دیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جس کے بعد محمد علی کی عظمتوں کا سفر شروع ہوا۔ سونی لسٹن کے خلاف کامیابی سے محمد علی نے نام تو کمایا ہی‘ اس فتح پر انہیں چھ لاکھ تیس ہزار امریکی ڈالر بھی ملے۔تاہم یہ رقم اس وقت حقیر نظر آنے لگی جب پچاس سال بعد ایک گمنام خریدار نے سونی لسٹن کو دھول چٹانے والے دستانے آٹھ لاکھ چھتیس ہزار ڈالر میں خرید لیے۔ اس طرح عظیم محمد علی کے عظیم دستانوں نے وہ قیمت پائی جو محمد علی پہلی بار عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن بن کر بھی نہ جیت سکے تھے۔